عالمی شہرت یافتہ ادبی تنظیم گزرگاہِ خیال فورم نے ۱۰/ ستمبر ۲۰۱۵ بروز جمعرات، لایتوال ہوٹل المطار قدیم، قطر میں "شام غالب" کے عنوان سے ایک خصوصی تقریب کا انعقاد کیا۔ گزرگاہِ خیال فورم ۲۰۰۹ء سے ادبی منظر نامے پر متحرک ہے۔ ۲۰۰۱۲ء سے گزرگاہ خیال فورم نے غالب مذاکروں کی شروعات کی تھی جس کے تحت ہر ماہ تواتر سے غالب مذاکرہ ترتیب دیا جاتا ہے جس میں قطر کی معروف ادبی شخصیات شرکت فرماتی ہیں۔ اس خصوصی پروگرام کا اہتمام پچھلے تین برس میں فورم کے غالب کی پچاس غزلوں پر مباحثوں کی تکمیل کے حوالے سے کیا گیا تھا۔
اس خصوصی نشست میں شاعر خلیج جناب جلیلؔ نظامی کو دس اراکین پر مشتمل بین الاقوامی جیوری کے فیصلے کے مطابق 'فخر المتغزلین' کے خطاب سے نوازا گیا۔ جیوری کے چئیرمین صدارتی ایوارڈ یافتہ اقبال اکیڈمی اسکینڈینیویا ڈنمارک کے بانی و چئیرمین اور ماہر اقبالیات جناب جی صابر ہیں۔ جیوری اراکین میں ڈاکٹر احمد علی برقی اعظمی (ہندوستان)، ڈاکٹر احمد ندیم رفیع (امریکہ)، علامہ اعجاز فرخ (ہندوستان)، ڈاکٹر فیصل حنیف (قطر)، جناب نصر ملک (ڈنمارک)، پروفیسر ناصر علی سید (پاکستان)، ڈاکٹر نور صوبرس خان (برطانیہ)، جناب شمس الغنی (پاکستان)، اور جناب سید عبد الحئی (قطر) شامل ہیں۔
گزرگاہ خیال فورم کی مجلس انتظامیہ نے جیوری کے اراکین کا انتخاب چھے ممالک (ڈنمارک، ہندوستان، پاکستان، قطر، برطانیہ اور امریکہ) سے جیوری اراکین کے منفرد علمی اور ادبی مقام کو نظر میں رکھ کر کیا ہے۔ قطر سے باہر خاص طور پر ان ممتاز شخصیات کا انتخاب کیا گیا جو جناب جلیلؔ نظامی سے ذاتی طور پر واقف نہیں تاکہ کسی قسم کی جانبداری کا شائبہ تک نہ ہو۔ جناب جلیلؔ نظامی کی زیر طباعت کتاب 'مور کے بازو کھلے' کا مسودہ جیوری کے تمام اراکین کو ارسال کیا گیا اور ان سے ان کی آرا مانگی گئی۔ اس منظم، غیر جانبدار، اور شفاف طریقہ کار کو عمل میں لا کر جناب جلیل ؔ نظامی کو جیوری کے متفقہ فیصلے کے مطابق "فخرالمتغزلین" کے خطاب سے نوازا گیا۔
گزرگاہِ خیال فورم کی 'شام غالب' کی اس خصوصی نشست میں انڈیا اردو سوسایٹی کے بانی، شاعر خلیج جناب جلیلؔ نظامی اوربزم اردو قطر کے سرپرست اعلی، قطر کی معروف سماجی شخصیت اور تاجر جناب عظیم عبّاس نے بطور مہمان اعزازی، لایتوال ہوٹل کے جنرل مینجر جناب مرزا عمران بیگ اور انڈیا اردو سوسایٹی کے صدر جناب عتیق انظرؔ نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ یہ شام بزم اردو قطر کے سینئر سرپرست جناب سید عبد الحی کی صدارت میں منعقد ہوئی، جس کی نظامت بزم اردو قطر کے صدر جناب محمد رفیق شاد اکولوی نے کی۔
شاعر خلیج فخرالمتغزلین جناب جلیلؔ نظامی کی ایک غزل سن لیجیے۔
شام بے کیف سہی ،شام ہے ڈھل جائے گی
دن بھی نکلے گا ،طبیعت بھی سنبھل جائے گی
اس قدر تیز ہے دل میں مرے امید کی لو
نا امیدی مرے پاس آئی تو جل جائے گی
نرم شانوں پہ نہ بکھراو گھنیری زلفیں
ان گھٹاؤں سے شب تار دہل جائے گی
مست آنکھوں کے دریچوں سے نہ جھانکا کیجے
جام ٹکرائیں گے ،میخواروں میں چل جائے گی
بن سنور کر مجھے سمجھانے نہ آو ، ورنہ
پھر تمنائے دل زار مچل جائے گی
ماہ نو دیکھنے تم چھت پہ نہ جانا ہرگز
شہر میں عید کی تاریخ بدل جائے گی
اتنا سج دھج کے عیادت کو نہ آیا کیجے
ورنہ کچھ سوچ کے یہ جان نکل جائے گی
کیوں پریشاں ہو شب ہجر کی آمد پہ جلیلؔ
گردش وقت ہے ،آج آئی ہے کل جائے گی
روداد نگار: ڈاکٹر فیصل حنیف
بانی و صدر، گزرگاہِ خیال فورم
دوحہ ، قطر
مسلم سلیم اردو کے خدمتگزار ہیں
ReplyDeleteخدمات سے ہیں اہلِ نظر ان کی آشنا
احمد علی برقی اعظمی